سکھر(رپورٹر) سکھر کے صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) سکھر کے وفد کی صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ اور چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں شہر میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سول اسپتال سکھر کی اپ گریڈیشن کے معاملے پر خصوصی گفتگو کی گئی۔ چیئرمین ضلع کونسل سید کمیل حیدر شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ سول اسپتال سکھر اور اس کے ایمرجنسی وارڈ کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پی ایم اے سکھر کی قیادت کے ساتھ مل کر ایک ٹیم کے طور پر کام کیا جائے گا تاکہ شہر میں صحت کی سہولیات کو مؤثر اور بہتر بنایا جا سکے۔
ملاقات میں سکھر کے لیے صحت عامہ سے متعلق ایک جامع پالیسی تشکیل دینے اور عوام میں صحت کے حوالے سے آگاہی بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں پی ایم اے سکھر کے نائب صدر ڈاکٹر شاہ محمد مہر اور جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر پیر علی ساوند کے علاوہ طبی شعبے سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی شریک تھیں، جن میں ریٹائرڈ پروفیسر سرجری اور سابق پرنسپل جی ایم سی اسپتال ڈاکٹر رفیق احمد میمن، سابق سربراہ شعبہ آرتھوپیڈک ڈاکٹر شکیل احمد عباسی اور موجودہ سربراہ آرتھوپیڈک ڈپارٹمنٹ جی ایم سی اسپتال ڈاکٹر عزیز اللہ بھیو شامل تھے۔
اس موقع پر پی ایم اے سکھر نے شہریوں کی صحت اور سول اسپتال سکھر کی حالت بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔