سکھر(رپورٹ: دانش راجپوت) شہر کے علاقے نیو پنڈ کی مائیکرو کالونی میں غیرت کے نام پر ایک نوجوان لڑکی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع مقتولہ کے والد علی شیر ملک نے مائیکرو پولیس چوکی نیو پنڈ پر دی اور مقدمہ درج کرنے کی درخواست جمع کرائی۔
اطلاع کے مطابق مائیکرو کالونی کے رہائشی علی شیر ملک نے بتایا کہ ان کی بیٹی انساء ملک، جس کی عمر تقریباً 18 سے 19 سال کے درمیان بتائی جاتی ہے، کو ان کے بھتیجے امان اللہ ملک نے مبینہ طور پر کاروکاری کے الزام میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم امان اللہ ملک، علی شیر کے بھائی حبیب اللہ ملک کا بیٹا ہے، جو فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقتولہ کی لاش تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال سکھر منتقل کر دی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق لڑکی کو ٹی ٹی پستول سے فائر کر کے نشانہ بنایا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اہل خانہ کے بیان کی روشنی میں مقدمہ درج کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ سندھ کے مختلف علاقوں میں کاروکاری کے نام پر قتل کے واقعات وقتاً فوقتاً سامنے آتے رہتے ہیں، جن پر انسانی حقوق کی تنظیمیں تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں۔