سندھ حکومت کا اعلان، موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 2000 روپے سبسڈی ملے گی

کراچی (ویب ڈیسک) – پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سندھ حکومت نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے اہم ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ سندھ ہر موٹر سائیکل سوار کو ماہانہ 2 ہزار روپے فیول سبسڈی فراہم کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت رقم کی منتقلی کے لیے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ جلد ایک موبائل ایپلی کیشن لانچ کرے گا، جہاں شہری اپنا شناختی کارڈ (CNIC) اور بینک اکاؤنٹ (IBAN) نمبر درج کر کے سبسڈی حاصل کر سکیں گے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق درخواست گزار کو ایپ میں اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کرنا ہوگا، جس کے ذریعے سسٹم خودکار طریقے سے تصدیق کرے گا کہ موٹر سائیکل درخواست گزار کے نام پر رجسٹرڈ ہے یا نہیں۔ اگر موٹر سائیکل مالک کے نام پر رجسٹرڈ نہ ہوئی تو وہ سبسڈی کے لیے اہل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جن افراد نے موٹر سائیکل خریدی ہے لیکن اپنے نام منتقل نہیں کروائی، وہ 15 دن کے اندر مفت ٹرانسفر کروا سکتے ہیں۔ حکومت نے ٹرانسفر فیس ختم کر دی ہے تاکہ اصل مالکان کو ہی سبسڈی فراہم کی جا سکے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ توقع ہے 15 سے 20 اپریل کے درمیان سبسڈی کی رقوم مستحق افراد کے اکاؤنٹس میں منتقل کر دی جائیں گی۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ انٹرا سٹی اور انٹر سٹی مسافر بسوں کو فی بس 1 لاکھ 40 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی تاکہ کرایوں کو مستحکم رکھا جا سکے۔ سبسڈی لینے والی بسیں کرایہ بڑھانے کی مجاز نہیں ہوں گی، تاہم یہ سہولت گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے نہیں ہوگی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئی ایم ایف کی سخت شرائط کے باعث قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا، تاہم وفاقی حکومت کو چاہیے کہ پیٹرول پر کسٹم ڈیوٹی اور لیوی ختم کرے تاکہ عوام کو براہِ راست ریلیف مل سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں