سیہون شریف: قلندر لعل شہباز کی مزار کی نذرانے کی پیٹیوں سے 2 کروڑ سے زائد رقم برآمد

سیہون شریف( ویب ڈیسک)حضرت قلندر لعل شہباز کی مزار کی نذرانے والی پیٹیاں 8 ماہ اور 14 دن کے طویل عرصے کے بعد کھول دی گئیں۔

چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف مختیار ابڑو کے مطابق چار دن تک جاری رہنے والے گنتی کے عمل کے بعد مجموعی طور پر 2 کروڑ 38 لاکھ 70 ہزار 750 روپے نقد رقم حاصل ہوئی۔

اوقاف محکمہ کے حکام کی نگرانی میں گنتی مکمل ہونے کے بعد رقم کو نیشنل بینک میں جمع کرا دیا گیا۔

نقدی کے علاوہ نذرانے کی پیٹیوں سے بڑی مقدار میں سونا، چاندی اور غیر ملکی کرنسی بھی برآمد ہوئی، تاہم سونے اور چاندی کے وزن اور جانچ کا عمل فی الحال مؤخر کر دیا گیا ہے اور اسے عارضی طور پر محفوظ لاکر میں رکھ دیا گیا ہے۔

مختیار ابڑو نے مزید بتایا کہ وقت کی کمی کے باعث کچھ رقم گنی نہیں جا سکی، جسے دوبارہ بطور امانت نذرانے کی پیٹیوں میں محفوظ کر دیا گیا ہے اور آئندہ مرحلے میں اسے نکالا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں