بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری مکمل، علاج کے بعد دوبارہ جیل منتقل

راولپنڈی (ویب ڈیسک)سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی شکایت پر ان کی سرجری مکمل کر لی گئی ہے، جس کے بعد انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

جیل ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی نے دائیں آنکھ کی بینائی میں خرابی کی شکایت کی تھی، جس پر جیل انتظامیہ نے ماہر امراضِ چشم سے ان کا معائنہ کرایا۔ معائنے کے دوران ان کی آنکھ میں ریٹینل ڈیٹچمنٹ (Retinal Detachment) کی تشخیص ہوئی، جس پر فوری سرجری کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں گزشتہ شام راولپنڈی کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں آپریشن سے قبل تمام ضروری طبی ٹیسٹ مکمل کیے گئے۔ بشریٰ بی بی کی رضامندی کے بعد پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کی آنکھ کا کامیاب آپریشن کیا۔

آپریشن کے بعد انہیں ایک رات اسپتال میں رکھا گیا اور بعد ازاں طبیعت بہتر ہونے پر ڈسچارج کر دیا گیا، جس کے بعد سخت سیکیورٹی میں انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق سرجری کے بعد ان کے فالو اپ معائنے طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے

اپنا تبصرہ لکھیں