بجلی کے بغیر اسکوٹی چارج! سندھ کے مستری کی منفرد ایجاد

بدین (انڈس ٹربیون) سندھ کے ضلع بدین کے علاقے شیخ بھرکیو سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت مقامی مستری زوار انور قمبرانی نے ایک منفرد اور جدید اسکوٹی تیار کر کے سب کو حیران کر دیا ہے، جو بغیر بیرونی بجلی کے خودکار طریقے سے چارج ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق زوار انور قمبرانی نے روایتی برقی اسکوٹی میں جدت لاتے ہوئے ایک ایسا نظام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت اسکوٹی چلنے کے دوران اپنی بیٹری خود ہی چارج کرتی رہتی ہے اور اسے بار بار بجلی سے چارج کرنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ اس انوکھے تجربے نے علاقے میں دلچسپی کی لہر دوڑا دی ہے اور شہری بڑی تعداد میں اس اسکوٹی کو دیکھنے کے لیے پہنچ رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زوار انور قمبرانی کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش تھی کہ ایسی ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے جو عام لوگوں کے لیے سستی اور آسان سواری کا ذریعہ بن سکے، خصوصاً ایسے وقت میں جب بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنی ذہانت استعمال کرتے ہوئے اسکوٹی کی موٹر کے ساتھ ایک میگنیٹ لگا دیا ہے، اس جدید نظام کے ذریعے اسکوٹی اپنی حرکت کے دوران ہی توانائی حاصل کر کے بیٹری کو چارج کرتی ہے، جس سے بیرونی چارجنگ کی ضرورت تقریباً ختم ہو جاتی ہے۔

انور قمبرانی کے مطابق ان کا تجربہ کامیاب ہو چکا ہے، چند ہی دنوں میں ان کی بنائی گئی اسکوٹی مکمل تیار ہوجائے گی، جو کہ ایک بار چارج کرنے کے بعد دو سو کلومیٹر تک سفر کر سکے گی.

سندھ کے شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ زوار انور قمبرانی جیسے ہنرمند افراد کی حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں مالی معاونت فراہم کی جائے تاکہ اس طرح کے جدید منصوبوں کو ملکی سطح پر فروغ دیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں