کراچی (ویب ڈیسک): شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ایک نامعلوم شخص ہائی ٹینشن بجلی کے پول پر چڑھ گیا، جس کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی۔
تفصیلات کے مطابق سرجانی فور چورنگی کے قریب مذکورہ شخص اچانک بلند و بالا ہائی ٹینشن لائن کے پول پر چڑھ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اداروں کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ تماشائیوں کی بڑی تعداد بھی جمع ہوگئی۔
ریسکیو ٹیمیں پول پر چڑھے شخص کو بحفاظت نیچے اتارنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق مذکورہ شخص بظاہر نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے، تاہم اب تک اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔
حفاظتی اقدامات کے تحت متعلقہ حکام کو بجلی کی فراہمی معطل کرنے سے متعلق بھی آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔