اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں 5 لاکھ گھر فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق “اپنا گھر اسکیم” کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کی لانچنگ تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جہاں وزیراعظم نے کامیاب درخواست دہندگان میں چیک بھی تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی ریاست کے لیے عام آدمی کو رہائش فراہم کرنا نہایت اہم ہے، اور پاکستان میں بڑی تعداد میں لوگ اپنی چھت سے محروم ہیں، اس لیے حکومت کی ترجیح عام شہری کو گھر فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق پہلے سال 50 ہزار گھروں کے لیے 321 ارب روپے کی فنانسنگ مختص کی گئی ہے، جبکہ آئندہ چار برسوں میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف رکھا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسکیم کا اطلاق وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہوگا، جبکہ قرض کے حصول کا طریقہ کار بھی آسان بنایا گیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ خود ماہانہ بنیادوں پر اسکیم پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے، جبکہ اس منصوبے کو حکومتی و نجی شعبے کے اشتراک سے کامیاب بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعمیراتی شعبہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور حکومت برآمد کنندگان کی بھی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔