سندھ کی مجوزہ تقسیم کے خلاف وکلاء کا 20 اگست کو وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کا اعلان

کراچی(انڈس ٹربیون) سیو سندھ لایرز کمیٹی نے سندھ کے مختلف سیاسی، سماجی، معاشی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے 20 اگست 2026 کو کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

سیو سندھ لایرز کمیٹی کے رہنما ایڈووکیٹ عاقب راجپر کے مطابق احتجاجی مارچ جمعرات 20 اگست کو دوپہر 2 بجے کراچی میں منعقد ہوگا، جس کے لیے وکلاء اور عوام کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ پوسٹر پر ’’چلو چلو وزیر اعلیٰ ہاؤس چلو‘‘ کا نعرہ درج ہے جبکہ سندھ کو ’’ریڈ لائن‘‘ قرار دیتے ہوئے مختلف مطالبات پیش کیے گئے ہیں۔

سیو سندھ لایرز کمیٹی نے اپنے 14 نکاتی مطالبات میں سندھ کی وحدت اور جغرافیائی حیثیت کے تحفظ، صوبے میں نئے صوبوں یا تقسیم کی تجاویز کی مخالفت، سندھ کے وسائل اور زمین کے تحفظ سمیت مختلف عوامی مسائل کے حل کا مطالبہ کیا ہے۔

مطالبات میں سندھ کے پانی کے مسئلے، کینال منصوبوں، دریائے سندھ سے متعلق معاملات اور پانی کی منصفانہ تقسیم پر بھی زور دیا گیا ہے۔ پوسٹر کے مطابق کارونجھر سمیت سندھ کے قدرتی وسائل اور تاریخی ورثے کے تحفظ کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

سیو سندھ لایرز کمیٹی نے کچے میں بدامنی اور ڈاکوؤں کے خلاف مؤثر کارروائی، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے پر بھی زور دیا ہے۔ اس کے علاوہ زمینوں اور وسائل سے متعلق مبینہ قبضوں اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اعلان کے مطابق احتجاج میں سندھ کے مختلف علاقوں سے وکلاء اور عوام شرکت کریں گے۔ سیو سندھ لایرز کمیٹی نے وکلاء اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 20 اگست کو کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ میں بھرپور شرکت کرکے سندھ کے مطالبات کے حق میں آواز بلند کریں۔

دوسری جانب کراچی بار ایسوسی ایشن نے سندھ کی تقسیم اور صوبے میں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وکلا برادری سندھ کی وحدت کے تحفظ کے لیے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ کی جانب سے 15 اگست 2026 کو جاری کردہ خط میں سندھ کی تقسیم اور نئے صوبوں کے قیام کے خلاف ایسوسی ایشن کے مؤقف کا اظہار کیا گیا ہے۔

خط میں سندھ بار کونسل کی جانب سے جاری کردہ قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کراچی بار ایسوسی ایشن سندھ کی تقسیم اور نئے صوبوں کے قیام کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے گی اور اس معاملے پر سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

کراچی بار ایسوسی ایشن نے سندھ کی وحدت کے خلاف کسی بھی اقدام کی مخالفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی تقسیم یا نئے صوبوں کے قیام کی کوششوں کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں