صومالیہ میں بحری قزاقوں کے خلاف آپریشن، 3 پاکستانیوں سمیت 5 افراد ہلاک

کراچی/اسلام آباد (انڈس ٹربیون) صومالیہ کے نیم خودمختار علاقے پنٹ لینڈ کی میری ٹائم پولیس فورس نے بحری قزاقوں کے قبضے سے آئل ٹینکر ’ایم ٹی آنر 25‘ بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم کارروائی کے دوران قزاقوں کے ہاتھوں تین پاکستانیوں سمیت پانچ افراد کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

پنٹ لینڈ میری ٹائم پولیس فورس کے مطابق آئل ٹینکر پنٹ لینڈ کے ساحل کے قریب موجود تھا اور سرکاری کارروائی شروع ہونے سے قبل قزاقوں نے عملے کے پانچ ارکان کو قتل کردیا۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین پاکستانی، ایک میانمار اور ایک بھارتی شہری شامل ہیں۔

پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق غیر سرکاری تنظیم انصار برنی ٹرسٹ نے بھی کی ہے، تاہم پاکستان کی وزارت خارجہ نے تاحال ان ہلاکتوں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد علی خان نے بتایا کہ بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے جانے والوں میں مبینہ طور پر 10 پاکستانی شہری شامل تھے، تاہم ہلاکتوں سے متعلق اطلاعات کی آزادانہ طور پر تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔

ان کے مطابق پاکستانی مشن حقائق جاننے اور صورتحال کی تصدیق کے لیے متعلقہ حکام سے قریبی رابطے میں ہے اور سرکاری تصدیق ملنے کے بعد مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔

تین پاکستانیوں کی ہلاکت کی اطلاع

انصار برنی ٹرسٹ کی وکیل قرۃ العین کے مطابق ٹرسٹ کا ایک یرغمالی حسین یوسف سے رابطہ ہوا، جبکہ صومالی حکومت کے تعاون سے عملے کو بازیاب کرانے کی کوشش کی گئی۔

ان کے مطابق آپریشن کے دوران قزاقوں کی جانب سے یرغمالیوں کو مبینہ طور پر نقصان پہنچایا گیا۔

قرۃ العین نے بتایا کہ واقعے میں پاکستانی شہریوں کاشف عمر، محمود انصاری اور رفیع اللہ خان سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے۔

ان کے مطابق آپریشن کے دوران تین پاکستانیوں عثمان، عقیل اور امین سمیت چار افراد زخمی بھی ہوئے، جبکہ ایک انڈونیشین شہری بھی زخمیوں میں شامل ہے۔

زخمی پاکستانی کے اہل خانہ تشویش میں مبتلا

زخمی پاکستانی شہری یاسر خان کی اہلیہ مہوش نے بتایا کہ ان کے شوہر کی ٹانگ میں گولی لگی ہے جبکہ ایک گولی ان کے کندھے کو چھوتی ہوئی گزری۔

مہوش کے مطابق انہیں اپنے شوہر کی موجودہ حالت کے بارے میں مکمل معلومات نہیں مل رہیں اور وہ شدید پریشان ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ امین نامی ایک شخص بھی زخمی ہے، جبکہ حسین یوسف، یاسین اور عمران علی کے خیریت سے ہونے کی اطلاع ہے۔

مہوش کے مطابق انہیں کاشف عمر، سیکنڈ آفیسر رفیع اللہ اور تھرڈ انجینیئر محمود احمد انصاری کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ واقعے کے دوران حکومت کی جانب سے اہل خانہ سے بروقت رابطہ نہیں کیا گیا، جبکہ انصار برنی ٹرسٹ نے ایک مرتبہ رابطہ کرکے پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی اطلاع دی۔

دوسری جانب صومالیہ کے ایک نیوز ادارے کے مطابق پنٹ لینڈ کی میری ٹائم پولیس فورس نے آپریشن کے بعد آئل ٹینکر ایم ٹی آنر 25 کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

واقعے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت سے متعلق پاکستان کی جانب سے باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں