نئی دہلی (انڈس ٹربیون) انڈین کوسٹ گارڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ گجرات کے انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ (ATS) اور دیگر انٹیلی جنس اداروں کے تعاون سے بحیرۂ عرب میں لکشدیپ کے مغرب میں ایک مشتبہ ایرانی کشتی کو روک کر 526 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی ہیں۔
انڈین حکام کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشتبہ کشتی کی نگرانی کی گئی اور مسلسل تعاقب کے بعد اسے روکا گیا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے کشتی پر سوار ہوکر تلاشی لی، جس کے دوران مبینہ طور پر ہیروئن اور میتھ ایمفیٹامین برآمد ہوئی۔
انڈین کوسٹ گارڈ کے مطابق ضبط کی گئی منشیات کی مالیت 3 ہزار کروڑ بھارتی روپے سے زائد ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران کشتی پر موجود پانچ پاکستانی عملے کے ارکان کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
انڈین حکام کے مطابق گرفتار افراد اور کشتی کو مزید تفتیش کے لیے ممبئی منتقل کردیا گیا ہے، جہاں مختلف سکیورٹی اور تفتیشی ادارے معاملے کی مشترکہ تحقیقات کریں گے۔
کوسٹ گارڈ کے مطابق کارروائی کا مقصد مبینہ بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرنا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بحری سرحدوں کی نگرانی، منشیات کی اسمگلنگ اور منظم جرائم کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
تاہم گرفتار پاکستانی شہریوں کی شناخت، ان پر عائد الزامات اور منشیات کی اصل منزل یا نیٹ ورک سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔