نوکری کے لیے دی گئی رقم واپس مانگنے پر وڈیروں نے نوجوان بیٹے کو قتل کیا گیا، ماں کا الزام

سکھر(انڈس ٹربیون) گمبٹ کی رہائشی اللہ ڈنی آریجو نے الزام عائد کیا ہے کہ نوکری کے حصول کے لیے دی گئی 15 لاکھ روپے کی رقم واپس مانگنے پر ان کے بیٹے عجیب آریجو کو قتل کردیا گیا۔ انہوں نے پولیس پر مقدمہ درج ہونے کے باوجود ملزمان کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

سکھر میں اسٹیپ فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن شائستہ بلوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مقتول کی والدہ اللہ ڈنی آریجو آبدیدہ ہوگئیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے بیٹے نے ملازمت حاصل کرنے کے لیے بااثر وڈیروں عطاء اللہ، طاہر آریجو اور دیگر افراد کو 15 لاکھ روپے دیے تھے، تاہم رقم واپس مانگنے پر اسے قتل کردیا گیا۔

اللہ ڈنی آریجو نے الزام عائد کیا کہ ملزمان نے ان کی آنکھوں کے سامنے ان کے بیٹے کو قتل کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب وہ اپنے بیٹے کی لاش کے پاس پہنچیں تو ان پر بھی گاڑی چڑھا دی گئی۔

متاثرہ خاتون کے مطابق واقعے کا مقدمہ متعلقہ تھانے میں درج کرایا جا چکا ہے، تاہم ان کے بقول پولیس نے تاحال نامزد ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لے کر نامزد ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں