مولانا فضل الرحمان لاہور میں مبینہ طور پر نظربند، رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات

لاہور (دی انڈس ٹربیون) جمعیت علمائے اسلام (ف) نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب حکومت نے پارٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام آل پارٹیز کنونشن میں شرکت سے روکنے کے لیے ان کی رہائش گاہ پر نظربند کر دیا ہے۔

جے یو آئی کے مطابق لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ، پارک ویو سٹی میں واقع مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، جبکہ کسی بھی شخص کو گھر میں داخل ہونے یا باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو منگل، 24 نومبر کی صبح 11 بجے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام آل پارٹیز کنونشن سے خطاب کرنا تھا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو کنونشن میں شرکت سے روکنے کے لیے جان بوجھ کر نظربند کیا ہے۔

جے یو آئی نے اس مبینہ اقدام کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں حبسِ بے جا کی درخواست دائر کرتے ہوئے فوری سماعت کی استدعا کی، تاہم کامران مرتضیٰ کے مطابق درخواست کی سماعت بدھ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پارٹی کی قانونی ٹیم منگل کی صبح نو بجے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر پہنچی تو وہاں سینکڑوں پولیس اہلکار اور قیدیوں کو منتقل کرنے والی گاڑیاں موجود تھیں۔

درخواست کے مطابق قانونی ٹیم نے پولیس افسران سے مولانا فضل الرحمان کی حراست سے متعلق کسی مجاز اتھارٹی کا حکم نامہ دکھانے کا مطالبہ کیا، تاہم نہ کوئی قانونی دستاویز دکھائی گئی اور نہ ہی ملاقات کی اجازت دی گئی۔

درخواست گزاروں نے عدالت سے مولانا فضل الرحمان کی مبینہ غیرقانونی حراست کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی استدعا کی ہے۔

دوسری جانب لاہور پولیس نے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا ہے۔ بی بی سی اردو کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو تحریری سوالات بھی بھیجے گئے ہیں، تاہم ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

مولانا فضل الرحمان کی مبینہ نظربندی سے متعلق جے یو آئی کے دعوے کی سرکاری سطح پر تاحال تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں