کوئٹہ (دی انڈس ٹربیون) بلوچستان حکومت نے کالعدم عسکریت پسند تنظیموں سے وابستہ انتہائی مطلوب افراد کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے کروڑوں روپے کے انعامات کا اعلان کیا ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے نئے سربراہ رحمان گل عرف مرید بلوچ اور سابق سربراہ بشیر زیب بلوچ کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے پر 25، 25 کروڑ روپے کا انعام مقرر کیا گیا ہے۔
حکومت بلوچستان نے دیگر انتہائی مطلوب افراد کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر بھی پانچ لاکھ روپے سے لے کر کروڑوں روپے تک کے انعامات مقرر کیے ہیں۔
بلوچستان حکومت کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی کا کہنا ہے کہ مطلوب افراد کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی، جبکہ انعامات کی ادائیگی صوبائی حکومت کے مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق کی جائے گی۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی نے رحمان گل عرف مرید بلوچ کو تنظیم کا نیا کمانڈر ان چیف منتخب کرنے کا اعلان کیا تھا۔
رحمان گل کی تقرری بشیر زیب بلوچ کی جگہ عمل میں آئی ہے، جنہیں نومبر کے اوائل میں تنظیم کی سربراہی سے ہٹانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس وقت کالعدم تنظیم نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نئے سربراہ کے انتخاب تک تمام انتظامی، عسکری اور پالیسی سازی کے اختیارات سینیئر کمانڈ کونسل کے سپرد کر دیے گئے ہیں۔
کالعدم تنظیم کے ترجمان کے مطابق رحمان گل سربراہی سنبھالنے سے قبل سینیئر کمانڈ کونسل کے رکن اور مجید بریگیڈ کے کمانڈر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔