جعلی ادویات کی روک تھام کے لیے ’محفوظ دوا‘ ایپ، ادویات کی ڈیجیٹل رجسٹریشن لازمی قرار

اسلام آباد (انڈس ٹربیون) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ملک بھر میں جعلی ادویات کی فروخت کی روک تھام کے لیے شہریوں کو ’محفوظ دوا‘ موبائل ایپ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے، جس کے ذریعے ادویات کی اصلیت، قیمت اور استعمال سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔

وزارتِ قومی صحت کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 24 نومبر کو ’محفوظ دوا‘ ایپ اور ادویات کی نگرانی کے نئے ڈیجیٹل نظام کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔

وزارتِ قومی صحت کے ترجمان ساجد شاہ نے انگریزی اخبار ڈان کو بتایا کہ ڈریپ کے پاس ملک بھر کی تقریباً 800 دوا ساز کمپنیاں اور 90 ہزار سے زائد ادویات رجسٹرڈ ہیں۔

ان کے مطابق ڈریپ نے ٹو ڈی بار کوڈ (2D Barcode) پر مبنی نظام قائم کیا ہے، جس کے ذریعے شہری ادویات کے پیکٹ پر موجود بار کوڈ کو موبائل فون سے اسکین کرکے ان کی اصلیت، قیمت اور دیگر تفصیلات معلوم کر سکیں گے۔

ساجد شاہ کے مطابق ملک بھر میں تقسیم کی جانے والی ادویات کی نگرانی کے لیے مرکزی ٹریک اینڈ ٹریس (Track and Trace) نظام 9 اکتوبر سے فعال ہو چکا ہے۔

وزارتِ صحت نے اس نظام کے تحت ادویات کی رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ہے۔ ہر دوا کے پیکٹ پر منفرد ٹو ڈی بار کوڈ اور سیریل نمبر درج ہوگا، جس کے بغیر ادویات کی درآمد اور فروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔

نئے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے متعلقہ حکام ادویات کی تیاری سے لے کر مارکیٹ میں ان کی فراہمی تک سپلائی چین کی نگرانی کر سکیں گے، جبکہ شکایات یا معیار سے متعلق مسائل سامنے آنے کی صورت میں متعلقہ ادویات کو مارکیٹ سے واپس منگوانے کا عمل بھی آسان ہو جائے گا۔

نو سال کی تاخیر کے بعد نظام کا نفاذ

پاکستان میں ادویات پر بار کوڈ متعارف کرانے کی تجویز پہلی مرتبہ 2015 میں پیش کی گئی تھی، جس کی وفاقی کابینہ نے 2017 میں منظوری دی تھی، تاہم بیوروکریسی کی سطح پر ہونے والی تاخیر کے باعث اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا تھا۔

نئے نظام کا مقصد جعلی اور غیر معیاری ادویات کی فروخت کی روک تھام، ادویات کی قیمتوں میں شفافیت اور شہریوں کو محفوظ، معیاری اور مؤثر ادویات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں