اروڑ یونیورسٹی کی جانب سے نمائش کا انعقاد، مصوری کے ذریعے معرکہ حق اور بنیان المرصوص کے ہیروز کو شاندار خراج

کراچی (ویب ڈیسک) اروڑ یونیورسٹی آف آرٹ، آرکیٹیکچر، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیج، سکھر نے پاکستان نیوی کے تعاون سے پینٹنگ اور مجسمہ سازی کی ایک شاندار نمائش میرٹائم میوزیم، کارساز کراچی میں منعقد کی۔ نمائش کے بعد “مارکۂ حق وال” اور “بنیانُ المرصوص” آپریشنز کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب تقسیم انعامات بھی منعقد ہوئی.

تقریب کے مہمانِ خصوصی کموڈور مدثر خورشید، ستارۂ امتیاز (ملٹری) تھے، جنہوں نے آرٹ کے طلبہ و طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں اور فنی محنت کو سراہا.

وائس چانسلر اروڑ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اروڑ یونیورسٹی تعلیم اور صنعت کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے. انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی جدید دور کی ضروریات کے مطابق ایسے گریجویٹس تیار کرنے کے لیے پرعزم ہے جو تخلیقی سوچ، جدت اور کاروباری مہارت سے آراستہ ہوں.

تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کے درمیان یادگاری تحائف کا تبادلہ کیا گیا، جبکہ طلبہ کو “مارکۂ حق وال” اور آرٹ نمائش میں شاندار کارکردگی پر اسناد بھی پیش کی گئیں.

یونیورسٹی انتظامیہ نے معروف مصور اور پروفیسر آف پریکٹس جناب منصور زبیری کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے طلبہ کو قومی سطح پر اپنی فنی صلاحیتیں پیش کرنے کا قیمتی موقع فراہم کیا.

مزید برآں، فیکلٹی آف ویژوئل آرٹس کے اساتذہ حبیب الرحمن (چیئرمین اِن چارج)، شوکت منگی، کاشف منگی، عاقصہ احد اور دیگر اساتذہ کی بھی تعریف کی گئی جنہوں نے طلبہ کی رہنمائی اور تربیت میں کلیدی کردار ادا کیا.

آخر میں اروڑ یونیورسٹی نے اپنے معزز مہمانوں جناب عامر حیدر بٹ، عدنان کہر، فیصل خواجہ، حمیر سومرو اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا جن کی موجودگی نے تقریب کو کامیاب اور یادگار بنایا.

اپنا تبصرہ لکھیں