گلگت بلتستان: ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے تصدیق کی ہے کہ شاہراہ بابوسر پر سیلابی ریلوں میں نجی ٹیلی ویژن چینل ’خیبر نیوز‘ کی اینکر پرسن شبانہ لیاقت، ان کے شوہر لیاقت اور تین بچوں سمیت 10 سے 15 سیاح بہہ گئے۔
فیض اللہ فراق نے بتایا کہ شبانہ لیاقت المعروف سپنا خان کے خاندان کے لواحقین نے لاپتا افراد کی تلاش کے لیے صوبائی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق، سیلابی ریلوں میں بہہ جانے والے سیاحوں کی تعداد 10 سے 15 کے درمیان ہے۔ امدادی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 7 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ باقی لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔
دیامیر پولیس کے مطابق سرچ آپریشن میں شریک مقامی رضاکار کو ملبے سے ایک پرس ملا ہے جس میں اس لاپتہ خاندان کے افراد کے کارڑز اور کچھ رقم بھی ملی ہے جس سے اس ان کے سیلابی ریلے میں بہہ جانے کی تصدیق ھوئی ھے۔

ترجمان کے مطابق، سرچ آپریشن میں سراغ رساں کتوں اور ڈرونز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ آپریشن میں دیامر پولیس، ضلعی انتظامیہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ریسکیو 1122، پاک فوج اور جی بی اسکاؤٹس شریک ہیں۔
حکومت گلگت بلتستان نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے لاپتا افراد کی جلد بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔