اسلام آباد- پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر آئے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے پہلے غیر ملکی دورے کا آغاز لاہور سے کیا، جہاں انہیں پاکستان کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔
لاہور ایئرپورٹ پر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مہمان صدر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صدر پزشکیان اور نواز شریف کے درمیان باضابطہ ملاقات بھی ہوئی، جس میں مریم نواز بھی شریک تھیں۔
دورہ لاہور کے دوران ایرانی صدر نے شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔
اس سے قبل ایرانی صدر کی پاکستان آمد پر نور خان ایئربیس پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے کابینہ ارکان کے ہمراہ ان کا استقبال کیا، جہاں انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے مطابق ایرانی صدر کا یہ دورہ خطے میں دو طرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اپنے دورے کے دوران صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے، جبکہ دونوں ممالک کے وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے۔
صدر پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران پاک ایران تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک لے جانے کا خواہش مند ہے، اور ایران پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں فعال شرکت کا خواہاں ہے۔