پشاور(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت کا ایک سرکاری ہیلی کاپٹر جمعے کو مہمند اور باجوڑ کے درمیان خراب موسم کے باعث گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
سرکاری حکام کے مطابق ایم آئی-17 ماڈل ہیلی کاپٹر چینگئ بانڈہ کے قریب سوکئی میں گر کر تباہ ہوا۔ یہ ہیلی کاپٹر باجوڑ میں امدادی سرگرمیوں کے لیے ریسکیو ٹیم اور امدادی سامان لے جا رہا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر مہمند کے علاقے میں ریسکیو آپریشن کے دوران خراب موسم کی زد میں آ کر رابطے سے محروم ہوا۔ اس کے لاپتہ ہونے کے بعد فوری طور پر تلاش کی کارروائیاں شروع کی گئیں، جن کے نتیجے میں حادثے کی تصدیق ہوئی۔
ترجمان خیبرپختونخوا حکومت، فراز مغل نے بتایا کہ صوبے میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سرکاری عمارتوں میں شیلٹر قائم کیے جا رہے ہیں۔ اسپتالوں اور میڈیکل اسٹاف کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے متاثرہ اضلاع میں جاری امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی شروع کر دی ہے۔ پی ڈی ایم اے، ریسکیو اور دیگر ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ عوام سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کنٹرول روم کے نمبر 1700 پر دی جائے۔