کراچی میں 150 سالہ برگد کی نئی زندگی — وزیراعلیٰ سندھ کا ماحولیاتی ورثے پر احسن قدم

کراچی (رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر محکمہ جنگلات نے کراچی میں 150 سالہ پرانے برگد کے درخت کو بحال کرکے نئی جگہ منتقل کر دیا۔

یہ درخت قصرِ ناز کلب روڈ پر واقع تھا جو حالیہ مون سون بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث زمین پر گر گیا تھا۔

سندھ فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے چیف کنزرویٹر جاوید مہر کی نگرانی میں دو روزہ ریسکیو آپریشن کے بعد درخت کو کامیابی کے ساتھ نئی جگہ منتقل کیا۔

ماہرین کے مطابق پانی کی کمی کے باعث درخت کی جڑیں فنگس اور دیمک کے حملے سے متاثر ہو گئی تھیں۔ بھاری کرینوں کی مدد سے اس تاریخی درخت کو قریب ہی موزوں مقام پر دوبارہ نصب کیا گیا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران نیم اور کمنی کے درختوں کو بھی محفوظ طریقے سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اس اقدام کو ’’ماحولیاتی تحفظ میں اہم سنگِ میل‘‘ اور ’’ماضی و حال کے رشتے کی علامت‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک درخت کی بحالی نہیں بلکہ تاریخ کے تحفظ اور سرسبز مستقبل کی جانب قدم ہے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تاریخی درختوں کی اہمیت کو سمجھیں اور انہیں ’’ورثے اور ماحولیاتی استقامت کی زندہ علامتیں‘‘ تصور کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں