درختوں کی کٹائی اور اسمگلنگ میں ملوث ایس ڈی او آبپاشی معطل

پنوعاقل(رپورٹ: منیب انڈھر) محکمہ آبپاشی سندھ کے سیکٹری نے عوامی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے پنوعاقل میں مبینہ طور پر اریگیشن اسکینڈل، درختوں کی کٹائی اور غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر (ایس ڈی او) شمس الحق انڑ کو عہدے سے معطل کر دیا ہے۔

کراچی سے جاری نوٹیفکیشن (مورخہ 22 ستمبر 2025) کے مطابق شمس الحق انڑ، جو بی ایس-17 پر پنوعاقل سب ڈویژن میں تعینات تھے، ان کے خلاف سنگین الزامات کے تحت انکوائری جاری ہے۔ معطلی کے دوران ان کا ہیڈ کوارٹر کراچی اریگیشن ڈپارٹمنٹ مقرر کیا گیا ہے اور انہیں قواعد کے مطابق معطلی کی مدت کے دوران تنخواہ اور الاؤنسز ملتے رہیں گے۔

مقامی ذرائع کے مطابق شمس الحق انڑ پر الزام ہے کہ انہوں نے پنوعاقل اور گردونواح کے علاقوں میں قیمتی سرکاری درخت کاٹ کر اثرورسوخ رکھنے والے عناصر کے ذریعے ان کی اسمگلنگ کرائی، جس سے نہ صرف ماحولیاتی تباہی میں اضافہ ہوا بلکہ قومی خزانے کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔ علاقہ مکینوں اور سماجی تنظیموں نے طویل عرصے سے اس معاملے پر آواز بلند کی ہوئی تھی، جس کے بعد آخرکار حکومت نے کارروائی کرتے ہوئے یہ قدم اٹھایا۔

اپنا تبصرہ لکھیں