اورکزئی — خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 اہلکار جاں بحق ہوگئے، جب کہ جوابی کارروائی میں 19 مشتبہ دہشتگرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب ضلع اورکزئی میں کی گئی، جس کا ہدف بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کا ایک نیٹ ورک تھا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف (عمر 39 سال، تعلق راولپنڈی) اور ان کے سیکنڈ ان کمانڈ میجر طیب راحت (عمر 33 سال، تعلق راولپنڈی) سمیت 9 دیگر اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔
فائرنگ کے تبادلے میں جاں بحق ہونے والے دیگر اہلکاروں میں نائیک صوبیدار اعظم گل (ضلع خیبر)، نائیک عادل حسین (ضلع کرم)، نائیک گل عامر (ضلع ٹانک)، لانس نائیک شیر خان (ضلع مردان)، لانس نائیک تالش فراز (ضلع مانسہرہ)، لانس نائیک ارشد حسین (ضلع کرم)، سپاہی طفیل خان (ضلع مالاکنڈ)، سپاہی عاقب علی (ضلع صوابی) اور سپاہی محمد زاہد (ضلع ٹانک) شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید مشتبہ دہشتگردوں کی موجودگی کے امکانات کے پیشِ نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنے عزم پر قائم ہیں۔