ٹھٹھہ: وائلڈ لائف لا انفورسمنٹ کی کامیاب کارروائی، غیرقانونی شکار کرنے والے پکڑے گئے، درجنوں نایاب پرندے آزاد

ٹھٹھہ(انڈس ٹربیون)ضلع ٹھٹھہ کی حدود میں وائلڈ لائف لا انفورسمنٹ ٹیم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی شکار میں ملوث افراد کے خلاف مؤثر ایکشن لیا۔ کارروائی کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان سے آئے شکاری عبدالقیوم کے کیمپ پر چھاپہ مارا گیا اور کیمپ کو موقع پر ہی تلف کردیا گیا۔

محکمہ کے مطابق چھاپے کے دوران ٹیم کو مقامی سہولت کاروں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اہلکاروں نے ہمت اور پیشہ ورانہ مہارت سے کارروائی مکمل کی۔ موقع سے جنگل میں جال کے ذریعے پکڑے گئے 115 سے زائد پرندے، جن میں باز، ایگل آئول اور بٹیر شامل تھے، فوری طور پر فضا میں آزاد کر دیے گئے۔

یہ کارروائی ایک دور دراز علاقے میں انجام دی گئی، جسے ایک مشکل ٹاسک قرار دیا گیا ہے۔ چھاپہ مار ٹیم کی قیادت ڈپٹی کنزرویٹر حیدرآباد واجد علی نے کی، جبکہ سینیئر اہلکار غلام علی چھلگری، سہراب شاہانی اور ریٹائرڈ انسپکٹر اعجاز نوندھانی نے نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات پر محکمے کی جانب سے انہیں داد و تحسین پیش کی گئی۔

محکمہ وائلڈ لائف سندھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں ایسے غیرقانونی شکاریوں پر نظر رکھیں اور انہیں اپنی زمینوں پر اس مکروہ عمل کی ہرگز اجازت نہ دیں۔ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں