کراچی کے شہری کے ساتھ ڈپلیکیٹ سم کے ذریعے بڑا فراڈ، بینک اکاؤنٹ سے 85 لاکھ روپے غائب

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کے شہری سنی کمار کے ساتھ ڈپلیکیٹ سم کے ذریعے بڑا مالی فراڈ کیا گیا، جس میں ایک ہی رات کے دوران اس کے بینک اکاؤنٹ سے 85 لاکھ روپے نکال لیے گئے۔

شہری سنی کمار نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) میں شکایت درج کرائی، جس پر ایجنسی نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق 29 ستمبر 2025 کو اس کا موبائل سم اچانک بند ہو گیا۔ اگلے روز جب وہ کراچی میں اپنے موبائل کمپنی کے بزنس سینٹر پہنچا تو اُسے بتایا گیا کہ اُس کے نام پر ڈپلیکیٹ سم حیدرآباد سے جاری کی گئی ہے۔

شہری کے مطابق وہ سم اس کے بینک اکاؤنٹ سے منسلک تھی، اور ڈپلیکیٹ سم کے اجرا کے بعد ایک ہی رات میں 100 ٹرانزیکشنز کے ذریعے 85 لاکھ روپے مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کر دیے گئے۔

این سی سی آئی اے کے حکام کے مطابق معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور بینک و موبائل کمپنی سے ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے تاکہ ملوث افراد کا سراغ لگایا جا سکے.

اپنا تبصرہ لکھیں