اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد پولیس کے ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر کی اپنی گاڑی سے گولی لگی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔
اسلام آباد پولس ترجمان نے بتایا کہ ایس پی آئی نائن عدیل اکبر جمعرات کو کانسٹیٹیوشن ایونیو سے دفتر جا رہے تھے جب راستے میں ان کی گاڑی کے اندر گولی چلنے سے موت واقع ہوئی۔ پولیس نے سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر لی ہے جس میں باہر سے کسی مداخلت کے شواہد نہیں ملے۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ واقعے کو ہر پہلو سے دیکھا جا رہا ہے کیونکہ حادثہ گاڑی کے اندر پیش آیا ہے۔ گاڑی میں موجود
گن مین اور ڈرائیور سے تفتیش جاری ہے۔
“ڈاکٹرز نے عدیل اکبر کو اسلحہ ساتھ رکھنے سے منع کیا تھا”
ذرائع کے مطابق عدیل اکبر نفسیاتی دباؤ کا شکار تھے اور ماہرِ نفسیات سے علاج کروا رہے تھے۔ دس روز قبل انہوں نے ڈاکٹر سے معائنہ کروایا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ اپنے پیشہ وارانہ مستقبل کو لے کر شدید ذہنی دباؤ میں تھے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایس پی عدیل اکبر ایک روز قبل ڈینگی میں مبتلا ہونے کی بھی تصدیق ہوئی تھی، جبکہ ڈاکٹرز نے انہیں اسلحہ ساتھ رکھنے سے منع کیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حتمی رپورٹ جلد سامنے لائی جائے گی۔