ہنگو میں دہشتگردوں کے حملے میں ایس پی سمیت 3 پولیس اہلکار جاں بحق

پشاور (ويب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں جمعے کے روز ہونے والے دو دھماکوں میں پولیس کے 3 اہلکار، جن میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر بھی شامل ہیں، شہید ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دونوں دھماکے چند منٹ کے وقفے سے ہوئے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حامد کے مطابق پہلا دھماکہ بالیا مینا تھانے کی حدود میں قائم ایک پولیس چیک پوسٹ پر ہوا، تاہم وہاں معمول کے مطابق پولیس اہلکار موجود نہیں تھے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکار جائے وقوعہ کی جانب جا رہے تھے کہ اسی دوران ان کی گاڑی کے قریب دوسرا دھماکہ ہوا، جس میں تین اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ یہ دھماکہ دستی ساختہ بم (IED) کے ذریعے کیا گیا۔

دھماکوں کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے شواہد اکٹھے کیے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے فوری رپورٹ طلب کر لی اور امن و امان سے متعلق ایپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا.

اپنا تبصرہ لکھیں