ٹانک (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم افراد نے لڑکیوں کے پرائمری اسکول کو دھماکے سے تباہ کردیا. دہشتگردانہ حملہ رات کے وقت ہونے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا.
جمعرات اور جمعہ کے درمیانی شب رات گئے ضلع ٹانک کے علاقے گرہ بڈھا میں نامعلوم افراد نے گرلز پرائمری اسکول کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی.
ڈی پی او ٹانک شبیر حسین شاہ کے مطابق دھماکے کے وقت اسکول میں کوئی موجود نہیں تھا، جس کی وجہ سے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا.
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے.
پولیس حکام کے مطابق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں.