کراچی/سکھر(ویب ڈیسک) سکھر کے قریب سندھ کے سابق دارالخلاف اروڑ، روہڑی میں واقع کالکا دیوی مندر کی پہاڑی کو غیر قانونی طور پر کاٹنے کے واقعے پر چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے.
ترجمان کے مطابق، محکمہ مائنز اینڈ منرل ڈویلپمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے 124 ایکڑ رقبے پر دی گئی مائننگ پرمٹ منسوخ کر دی ہے، جو روہڑی کے چونا پتھر کے علاقے میں واقع تھی.
چیف سیکریٹری سندھ نے واضح ہدایت کی ہے کہ ہندو برادری کے مقدس مذہبی مقام پر پہاڑی کاٹنے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے.
ہدایات کے مطابق، ڈپٹی ڈائریکٹر مائنز سکھر نے اسسٹنٹ کمشنر روہڑی کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے کالکا دیوی مندر کے قریب واقع لیز ہولڈر کے احاطے کو سیل کر دیا، کیونکہ متعلقہ لیز پہلے ہی منسوخ کی جا چکی تھی.
چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ اس نوعیت کی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ آئندہ کسی بھی غیر قانونی مائننگ یا تجاوزات کے واقعات سے بروقت نمٹا جا سکے.
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے اروڑ اور روہڑی کے پہاڑی سلسلے میں پہاڑو کی کٹائی کو ماحول دشمن اور غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کٹائی روکنے کا حکم دیا تھا. عدالتی حکم کے باوجود مذکورہ علاقے میں بڑی بے رحمی کے ساتھ پہاڑوں کی کٹائی جاری ہے.
پہاڑوں کی کٹائی کی وجہ سے علاقے کی ڈیموگرافی تبدیل ہوتی جا رہی ہے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے.