آنکھوں پر سیاہ پٹی، کانوں میں ہیڈفون: زیرِ حراست نکولس مادورو کی تصویر جاری

نیویارک(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے گرفتار صدر نکولس مادورو کی ایک تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کی ہے، جس میں مادورو کو آنکھوں پر ماسک، کانوں میں ہیڈفون اور سرمئی رنگ کا ٹریک سوٹ پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے تصویر کے ساتھ لکھا کہ مادورو اس وقت امریکی بحری جہاز یو ایس ایس آئیوو جیما پر موجود ہیں۔ یہی وہ لڑاکا بحری جہاز ہے جس کے بارے میں ٹرمپ نے کچھ دیر قبل فاکس نیوز کو بتایا تھا کہ یہ وینزویلا کے صدر کو امریکہ منتقل کر رہا ہے۔

خبر رساں ادارے سی بی ایس کے مطابق، جس فوجی طیارے میں مادورو سوار ہیں اس کے آج نیویارک کے سٹیورٹ ایئرپورٹ پر اترنے کی توقع ہے۔ یہ ہوائی اڈہ نیویارک کی اورنج کاؤنٹی میں واقع ایک فوجی تنصیب ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مادورو اس وقت امریکی فوج کی تحویل میں ہیں اور طیارے کی لینڈنگ کے بعد انہیں وفاقی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔

امریکی میڈیا کے مطابق امکان ہے کہ صدر مادورو کو آئندہ ہفتے نیویارک کی فیڈرل کورٹ (سدرن ڈسٹرکٹ) میں پیش کیا جائے گا، ممکنہ طور پر پیر کے روز ہی ابتدائی سماعت ہو سکتی ہے۔

گرفتاری کو ٹی وی شو کی طرح دیکھا: ٹرمپ

صدر ٹرمپ نے فاکس نیوز سے گفتگو میں کہا کہ وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرنے کی کارروائی، جو رات بھر جاری رہی، انہوں نے اسے ’’بالکل ایسے دیکھا جیسے کوئی ٹی وی شو چل رہا ہو۔‘‘

ٹرمپ کے مطابق:
“اگر آپ امریکی کارروائی کی رفتار اور شدت دیکھتے تو یہ واقعی ایک حیران کن منظر تھا۔”

انہوں نے اپنی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’’ناقابلِ یقین کارکردگی‘‘ دکھائی ہے اور دعویٰ کیا کہ ’’دنیا میں کوئی اور ملک ایسی کارروائی انجام دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔‘‘

اپنا تبصرہ لکھیں