واشنگٹن(ويب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری لڑائی میں امریکہ مداخلت کر سکتا ہے، تاہم ان کے بقول ’میری پاکستان سے اچھی دوستی ہے۔‘
یہ بیان انہوں نے وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کے دوران دیا۔
صحافی کے ایک سوال کے جواب میں، جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان نے افغانستان کے خلاف جنگ شروع کی ہے اور کیا پاکستان نے امریکہ سے مداخلت کی درخواست کی ہے، امریکی صدر نے کہا کہ وہ اس لڑائی میں مداخلت کر سکتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’آپ کو معلوم ہوگا کہ میری پاکستان سے اچھی دوستی ہے۔ ان کا وزیر اعظم عظیم ہے، وہاں عظیم جنرل ہے اور عظیم رہنما ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’وہ دو ایسی شخصیات ہیں جن کی میں واقعی بہت عزت کرتا ہوں۔‘
امریکی صدر نے مزید کہا کہ پاکستان اچھا کام کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں افغانستان اور پاکستان کے درمیان سرحدی کشیدگی اور جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن پر عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔