اسرائیل۔ایران کشیدگی کے بعد پاکستانی شہریوں کے لیے ہنگامی ٹریول ایڈوائزری جاری

اسلام آباد(ویب ڈیسک) خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور حالیہ حملوں کے تناظر میں حکومتِ پاکستان نے اپنے شہریوں کے لیے ہنگامی سفری ہدایات جاری کر دی ہیں۔

دفتر خارجہ پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ غیر یقینی صورتحال کے پیشِ نظر پاکستانی شہری غیر ضروری طور پر ایران کا سفر نہ کریں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ حالات کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے۔

بیان کے مطابق ایران میں موجود پاکستانی شہری اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دیں، غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور حالات پر گہری نظر رکھیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے قریبی پاکستانی سفارت خانے یا قونصل خانے سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

یہ ایڈوائزری ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے جب اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جس سے خطے کی سکیورٹی صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے۔

حکام کے مطابق ایران میں موجود پاکستانی مشنز کے ہنگامی رابطہ نمبرز بھی جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ پاکستانی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں