تہران/استنبول(ویب ڈیسک) ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کے جنوبی صوبے ہرمزگان میں واقع شہر میناب میں بچیوں کے ایک پرائمری اسکول پر امریکی اور اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والی طالبات کی تعداد بڑھ کر 51 ہو گئی ہے، جبکہ کم از کم 60 طالبات زخمی ہیں۔
ترکی کے خبر رساں ادارے ترکی ٹوڈے کے مطابق ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی آر این اے کے مطابق حملہ ہفتے کی صبح کیا گیا، جس میں میناب کاؤنٹی کے ایک سرکاری پرائمری اسکول کو نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی اطلاعات میں پانچ بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی، تاہم بعد میں امدادی کارروائیوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا گیا۔
میناب کے ضلعی گورنر نے بتایا کہ
“آج صبح اسرائیلی میزائل حملے میں بچیوں کے اسکول کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اب تک 51 طالبات جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں جبکہ 60 زخمی ہیں۔”
اس سے قبل ایک مقامی عہدیدار، جن کی شناخت رادمیر کے نام سے کی گئی، نے بتایا تھا کہ ابتدائی طور پر 24 طالبات کی ہلاکت کی اطلاع ملی تھی۔ سرکاری میڈیا کے مطابق ملبہ ہٹانے اور زخمیوں کو نکالنے کا عمل جاری رہا، جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
یہ واقعہ ایران کے صوبہ ہرمزگان کے شہر میناب میں پیش آیا۔ ایرانی حکام نے حملے کی ذمہ داری اسرائیل اور امریکہ پر عائد کی ہے، تاہم اس حوالے سے واشنگٹن یا تل ابیب کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔