سپریم لیڈر کی ہلاکت کے بعد امریکی اڈوں اور اسرائیل پر حملوں کا اعلان، تباہ کن حملے کریں گے: ایران

تہران(ويب ڈیسک) ایران کی حکومت نے سپریم لیڈر سید آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کی سرکاری تصدیق کے بعد ایک سخت لہجے میں بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور یہ اسلام اور شیعہ تاریخ کے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہو گا۔

سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اس بار بھی پوری طاقت کے ساتھ، امتِ اسلامی اور دنیا کے آزاد لوگوں کے اعتماد کے ساتھ، اس جرم کے کرنے والوں اور حکم دینے والوں کو پچھتانے پر مجبور کر دے گا۔

دوسری جانب ایرانی رہبرِ اعلیٰ کی ہلاکت کے بعد پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ امریکی اڈوں اور اسرائیل کو براہِ راست نشانہ بنایا جائے گا۔

پاسدارانِ انقلاب کے بیان کے مطابق ’’چند ہی لمحوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج مقبوضہ علاقوں اور امریکی دہشت گرد اڈوں پر تاریخ کی سب سے تباہ کن جارحانہ کارروائی کا آغاز کریں گی۔‘‘

یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں شدید کشیدگی پائی جا رہی ہے اور عالمی سطح پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صورتحال کسی بڑی جنگ کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں خطے کی سلامتی سے متعلق اہم پیش رفت متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں