ملک میں شدید بارشیں، بنوں میں چھت گرنے سے 3 بچوں کی ہلاکت

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور بوندا باندی کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم خشک اور گرم رہا۔

رپورٹس کے مطابق سب سے زیادہ بارش پنجاب اور مری میں ہوئی۔ مری میں 40 ملی میٹر، لاہور میں 43 ملی میٹر، شادی پورہ 43 ملی میٹر، تاج پورہ 38 ملی میٹر، سگیاں 37 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن 34 ملی میٹر، اور دیگر علاقوں میں بھی مختلف مقدار میں بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے وریسھی کلی منڈان میں تیز بارش کے باعث ایک گھر کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں تین بچے ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق شیر محمد کے گھر میں چھت اچانک گر گئی، جس کے دوران پانچ بچے کمرے میں موجود تھے۔ ریسکیو 1122 ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو زخمی بچوں کو زندہ نکالا اور ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ افسوسناک واقعے میں دو لڑکیاں اور ایک لڑکا چھت کے ملبے تلے دب کر ہلاک ہو گئے۔

رہائشیوں نے بتایا کہ تازہ بارشوں سے کچے گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے، اور مقامی انتظامیہ سے متاثرہ علاقوں میں اضافی حفاظتی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں