خیبر پختونخوا میں کرپشن عروج پر، وزارتیں فروخت ہونے کے الزامات: شیر افضل مروت

ڈی آئی خان (ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف شیر افضل مروت نے الزام عائد کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے سرکاری محکموں میں بدعنوانی عروج پر ہے اور بھرتیاں میرٹ کے بجائے پیسے لے کر کی جا رہی ہیں۔

ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کی تشکیل میں تاخیر اور وزارتوں کی مبینہ فروخت سنگین سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو شخص پیسے دے کر وزارت حاصل کرے گا وہ عوامی خدمت کے بجائے اپنی رقم پوری کرنے کی کوشش کرے گا۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ پارٹی معاملات کو درست کرنے کے لیے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی مؤثر واپسی ضروری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو غلط بریفنگ دی جا رہی ہے اور انہیں زمینی حقائق سے دور رکھا جا رہا ہے، جبکہ موجودہ صوبائی قیادت غیر تجربہ کار ہے اور بڑے جلسے منعقد کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلیوں سے استعفے دینا اور حکومتیں ختم کرنا بڑی سیاسی غلطیاں تھیں۔ ان کے بقول بانی پی ٹی آئی کی رہائی کسی بڑے احتجاج یا فیصلہ کن مارچ کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت جنگ جیسی صورتحال سے گزر رہا ہے اور مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کے اثرات ملکی معیشت پر بھی پڑ رہے ہیں۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ اگر پارٹی قیادت میں اصلاحات نہ کی گئیں تو مزید سیاسی نقصان کا خدشہ ہے اور کارکنوں میں مایوسی بڑھتی جائے گی، جس کے باعث آئندہ احتجاج کے لیے عوامی حمایت حاصل کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں