اسلام آباد (انڈس ٹربیون) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے پُرامن حل کے لیے سفارتی کوششیں مستقل، مضبوط اور مؤثر انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں اور امید ہے کہ یہ کوششیں مستقبل قریب میں ٹھوس نتائج تک پہنچیں گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ سفارت کاری کو اپنا راستہ مکمل کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ سے مخلصانہ درخواست کی کہ وہ ڈیڈ لائن میں دو ہفتوں کی توسیع کریں تاکہ سفارتی عمل کو آگے بڑھنے کا وقت مل سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان پوری دیانت داری کے ساتھ اپنے ایرانی بھائیوں سے بھی درخواست کرتا ہے کہ وہ نیک نیتی کے طور پر دو ہفتوں کے لیے آبنائے ہرمز کو کھول دیں تاکہ خطے میں کشیدگی میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام فریقین سے اپیل کرتا ہے کہ وہ دو ہفتوں کے لیے ہر جگہ جنگ بندی کریں تاکہ سفارت کاری کو آگے بڑھنے کا موقع مل سکے اور جنگ کے حتمی خاتمے کی راہ ہموار ہو۔
وزیراعظم کے مطابق خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ تنازعات کو بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے۔