اسلام آباد( ویب ڈیسک)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران خراب موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے بیشتر علاقوں میں داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث تیز ہوائیں، آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
کہاں کہاں بارش متوقع ہے؟
اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گوجرخان، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور لاہور میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ خوشاب، سرگودھا، جھنگ، فیصل آباد، قصور، اوکاڑہ، بہاولپور، ملتان، ڈی آئی خان، نارووال، چنیوٹ، ننکانہ صاحب، پاکپتن اور ساہیوال میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا اور شمالی علاقوں کی صورتحال
خیبرپختونخوا کے بالائی اور جنوبی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی متوقع ہے۔ چترال، دیر، سوات، کالام، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور لکی مروت بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں اسکردو، ہنزہ، گلگت، استور، دیامر، نگر، غذر، مظفرآباد، باغ، راولا کوٹ اور وادی نیلم میں بارش کے ساتھ برفباری کا بھی امکان ہے۔
بلوچستان میں بھی بارش کی پیشگوئی
کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین، چمن، کوہلو، ڈکی اور ہرنائی میں بھی آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارش متوقع ہے۔
ممکنہ خطرات
تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث ٹریفک معطل ہونے کا امکان ہے۔
مسلسل بارش لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ کر سکتی ہے۔
عوام کے لیے ہدایات
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، گاڑی احتیاط سے چلانے اور موسمی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔
سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے پہلے موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال ضرور چیک کریں۔
عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ این ڈی ایم اے کی آفیشل موبائل ایپ “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” کے ذریعے بروقت معلومات حاصل کریں۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو بھی ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔