موسمیاتی تبدیلی عالمی چیلنج، جامعات کو تحقیق اور پالیسی سازی میں کردار ادا کرنا ہوگا: اسکالرز

نواب شاہ (انڈس ٹربیون) شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شہید بینظیر آباد میں موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں قومی اور عالمی ماہرین، پالیسی سازوں اور تعلیمی رہنماؤں نے شرکت کی۔

یونیورسٹی کے بزنس شعبے کے زیر اہتمام “موسمیاتی تبدیلی کے مقابلے کی صلاحیت” کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس کی صدارت وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ نے کی جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے گورننگ باڈی کے رکن پروفیسر ڈاکٹر سید احمد حسین شاہ مہمان خصوصی تھے۔

کانفرنس کے منتظمین میں پروفیسر ڈاکٹر سلمان بشیر، ڈاکٹر محمد عارف، ڈاکٹر ارمان خانزادہ، ڈاکٹر الطاف خاصخیلی، ڈاکٹر افروز سیال، ڈاکٹر جاوید شیخ اور شاداب فاطمہ شامل تھے۔ اس موقع پر مختلف جامعات کے سربراہان اور بین الاقوامی اسکالرز نے بھی خطاب کیا۔

تقریب سے شہید اللہ بخش یونیورسٹی آف آرٹس اینڈ ڈیزائن جامشورو کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اریبلا بھٹو، جی سی یونیورسٹی حیدرآباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان، شیخ ایاز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نوید شیخ اور آئی بی اے یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور علی میرانی نے بھی خطاب کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی موجودہ دور کا ایک بڑا عالمی چیلنج ہے جس کے اثرات ماحول کے ساتھ معیشت اور سماج پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ طلبہ کو جدید تحقیق، جدت اور عملی مہارتوں سے آراستہ کریں تاکہ وہ ان چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کر سکیں۔

مقررین کے مطابق ماحولیاتی تحفظ، سماجی ذمہ داری اور اچھی حکمرانی کے اصول پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہیں اور جامعات کو تحقیق، پالیسی سازی اور عملی اقدامات میں مرکزی کردار ادا کرنا ہوگا۔

تقریب کے اختتام پر مہمانوں میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر مدد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایسی علمی سرگرمیاں طلبہ کی تحقیقی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہیں اور انہیں جدید دور کے مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل تلاش کرنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کانفرنسیں علم کے تبادلے اور عالمی تجربات سے سیکھنے کا اہم ذریعہ ہوتی ہیں، جو مستقبل میں بہتر حکمت عملی کی تشکیل میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں