بزنس گریجویٹ اظہر میمن کی کسمپرسی پر نوٹس، وزیر اطلاعات کا روزگار میں مدد کا اعلان

اسلام آباد(انڈس ٹربیون) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بدھ کے روز سندھ سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ مگر بے روزگار نوجوان اظہر میمن سے ملاقات کی اور انہیں روزگار کے حصول میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اظہر میمن، جو ضلع خیرپور کے رہائشی ہیں اور انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی سے ایم بی اے کی ڈگری رکھتے ہیں، حالیہ دنوں میں اس وقت توجہ کا مرکز بنے جب ان کی مشکلات پر مبنی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

وفاقی وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر ملاقات کی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں انہوں نے اظہر میمن کو بطورِ احترام اپنی نشست پر بٹھایا۔ اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے اور اظہر میمن اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ ویڈیو میں انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے اس لمحے کو اپنی زندگی کا اہم ترین موقع قرار دیا۔

عطا اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت اور تعلیم یافتہ نوجوان اظہر میمن سے ملاقات ایک جذباتی تجربہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اظہر کی وائرل ویڈیو، جس میں انہوں نے اپنی جدوجہد اور مشکلات بیان کیں، نے عوام کی توجہ حاصل کی۔

وزیر اطلاعات کے مطابق انہوں نے اظہر میمن کو اسلام آباد مدعو کیا، ان کی حوصلہ افزائی کی اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے لیے مناسب روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

اظہر میمن نے بتایا کہ انہوں نے 2003 میں آئی بی اے کراچی سے ایم بی اے مکمل کیا، جو ملک کے معتبر تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ مضبوط تعلیمی پس منظر کے باوجود انہیں زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور گزر بسر کے لیے معمولی نوعیت کے کام کرنا پڑے۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل کا باعث بنا ہے۔ جہاں متعدد صارفین نے وفاقی وزیر کے اقدام کو سراہا، وہیں بعض افراد نے سوال اٹھایا کہ اظہر جیسے قابل افراد کو پہلے کیوں نظرانداز کیا گیا، خصوصاً سندھ حکومت کی جانب سے۔

اپنا تبصرہ لکھیں