لاہور (ویب ڈیسک): صوبائی دارالحکومت کے علاقے مزنگ میں ایک فلیٹ کے اندر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک پراپرٹی ڈیلر نے مبینہ طور پر خاتون اور اس کے بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔
پولیس کے مطابق ملزم شاہد جٹ نے فلیٹ میں فائرنگ کر کے خاتون عائشہ، 14 سالہ مصفیرا اور 12 سالہ منیب کو قتل کر دیا، اور بعد ازاں خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں دو بچیاں سمرا اور مناہل زخمی بھی ہوئیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا، جبکہ فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکیں، تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔