پنجاب میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائیاں، 21 مبینہ دہشت گرد گرفتار

لاہور (ویب ڈیسک): پنجاب کے مختلف شہروں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 21 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے مطابق کارروائیاں لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، ملتان اور دیگر شہروں میں کی گئیں، جہاں مجموعی طور پر 214 آپریشنز کیے گئے۔
حکام کے مطابق اہم کامیابیاں لاہور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے حاصل ہوئیں، جہاں کارروائی کے دوران ‘فتنہ الخوارج’ سے تعلق رکھنے والا خطرناک دہشت گرد پیر شمس بارودی مواد سمیت گرفتار کیا گیا، جبکہ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی سے وابستہ دہشت گرد عبداللطیف کو بھی دھماکہ خیز مواد سمیت پکڑا گیا۔
دیگر گرفتار افراد میں مصباح، سمیع اللہ، گلاب خان، زارین شاہ اور ضیاالرحمان شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے آئی ای ڈی بم، 17 ڈیٹونیٹرز، سیفٹی فیوز وائر، بارودی مواد، ممنوعہ لٹریچر اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار دہشت گرد مختلف شہروں میں حساس مقامات کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کے باعث بڑے نقصان کو ٹال دیا گیا، جبکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران پنجاب بھر میں 5040 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن میں 587 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں