میامی(ویب ڈیسک) پاکستان کے نامور مارشل آرٹسٹ شاہزیب رند نے اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے کراٹے کمبیٹ 61 میں یو ایف سی کے سابق فائٹر اینڈری اویل کو دوسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا۔
اس کامیابی کے ساتھ شاہزیب رند نے کراٹے کمبیٹ میں اپنا ناقابلِ شکست ریکارڈ مزید مضبوط کر لیا اور ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کی۔
شاہزیب رند اس سے قبل بھی تاریخ رقم کر چکے ہیں جب انہوں نے سنگاپور میں کراٹے کمبیٹ 49 کے فائنل میں برازیل کے برونو روبرٹوڈی ایسس کو شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کی، اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے عالمی چیمپئن بنے۔
کراٹے کمبیٹ 44، میکسیکو سٹی میں بھی رند نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیرو کے مارکو کیوبس کو صرف 21 سیکنڈ میں فلائنگ نی کے ذریعے ناک آؤٹ کیا، جو ایونٹ کی تیز ترین اور یادگار فائٹس میں شمار ہوتی ہے۔
مزید برآں، شہزیب رند سابق تین بار کے عالمی چیمپئن ایڈیگرس سراورس کو بھی شکست دے چکے ہیں، جبکہ 2023 میں انہوں نے گیم بریڈ بیر نَکل ایم ایم اے میں کارلوس گویرا کے خلاف بھی ناک آؤٹ فتح حاصل کی۔
شاہزیب رند پاکستان کے نمبر ون ووشو فائٹر بھی ہیں، جن کا ووشو اور کک باکسنگ میں مجموعی ریکارڈ 75 فتوحات اور صرف 4 شکستوں پر مشتمل ہے۔ حیران کن طور پر انہوں نے اپنی زیادہ تر تربیت یوٹیوب ویڈیوز کے ذریعے خود حاصل کی، جو ان کی محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔