اسلام آباد(ویب ڈیسک) سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے گوادر راجی مچی کیس میں بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کے رہنماؤں کو سنائی گئی عمر قید کی سزا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انوار الحق کاکڑ نے لکھا کہ “انصاف کا انتخابی ہونا درست نہیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ گوادر راجی مچی کیس میں آج کی سزا ریاست کی جانب سے اختلاف رائے کے خلاف فتح نہیں بلکہ جواب دہی کی جانب ایک کامیابی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ جو لوگ پرامن کارکنوں کا روپ دھار کر تشدد کی منصوبہ بندی کرتے ہیں، وہ سول سوسائٹی کے پردے کے پیچھے مزید پناہ نہیں لے سکتے۔ ان کے مطابق ان اقدامات کے نتائج عدالتی عمل کے ذریعے سامنے آ گئے ہیں۔
سابق نگران وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے تمام شہریوں کا تحفظ کرے گا، چاہے وہ وردی میں ہوں یا بغیر وردی کے۔
واضح رہے کہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے گوادر راجی مچی کیس میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ سمیت دیگر رہنماؤں کو عمر قید کی سزا سنائی ہے، جس پر سیاسی حلقوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہا ہے۔