کراچی اور لاہور میں پی ٹی آئی کے احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج، متعدد کارکنان اور رہنما گرفتار

کراچی/لاہور (انڈس ٹربیون) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے بدھ کے روز لاہور اور کراچی میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لاٹھی چارج کیا، شیلنگ کی اور متعدد کارکنان و رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔

کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان نے پریس کلب اور فوارہ چوک کے اطراف احتجاج کیا، جہاں پولیس اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی دیکھنے میں آئی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی، جبکہ بعض مقامات پر مشتعل کارکنان کی جانب سے پولیس موبائل پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔

پولیس نے کارروائی کے دوران پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری مسرور سیال سمیت متعدد رہنماؤں اور کارکنان کو گرفتار کر لیا۔ احتجاج کے باعث گورنر ہاؤس، میٹروپول اور شاہین کمپلیکس کی جانب جانے والے اہم راستے بند رہے، جس سے شہر کے مختلف علاقوں میں شدید ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

دوسری جانب لاہور میں ایوانِ عدل کے باہر پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران پولیس نے کارکنان اور پارٹی رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ کارروائی کے دوران متعدد کارکنان کو حراست میں لیا گیا جبکہ رکنِ پنجاب اسمبلی اویس ورک کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق ایوانِ عدل کے باہر پولیس اور مظاہرین کے درمیان تناؤ کی صورتحال پیدا ہوئی، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے احتجاجی شرکا کو منتشر کرنے کے لیے کارروائی کی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے لاہور اور کراچی میں پولیس کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے پرامن احتجاج کے آئینی حق پر قدغن اور سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں