مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن: تین دہشتگرد ہلاک، دو اہلکار جانبحق

مستونگ / راولپنڈی: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ “فتنہ الہندستان” کے تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد مارے گئے۔

تاہم اس دوران ایک میجر سمیت پاک فوج کے دو اہلکار بھی جانبحق ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں میجر ضیاد سلیم اول (عمر 31 سال، تعلق ضلع خوشاب) جو کہ بہادری سے دستے کی قیادت کر رہے تھے، اور سپاہی نظم حسین (عمر 22 سال، تعلق ضلع جہلم) شامل ہیں۔

فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور مزید دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کی سرپرستی میں دہشتگردی پھیلانے والوں کا قلع قمع ہر حال میں کیا جائے گا، اور ہمارے شہداء کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا:
“میں پاک فوج کو اس کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ میجر ضیاد سلیم اول اور سپاہی نظم حسین ہماری قوم کے ہیرو ہیں جن کی قربانی پر ہمیں فخر ہے۔ ’فتنہ الہندستان‘ جیسے بھارتی سرپرستی میں چلنے والے دہشتگرد گروہوں کو انجام تک پہنچانا حکومتِ بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔”

اپنا تبصرہ لکھیں