جشن آزادی کے تقریبات یکم اگست سے شروع کرنے کا اعلان: ‘ دہشتگردی کی وجہ سے جشن آزادی کے پروگرام میں تعطل آنے نہیں دیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ امسال جشنِ یومِ آزادی کا آغاز یکم اگست سے بھرپور طریقے سے کیا جائے گا، جس کی تھیم “معرکہ حق” کی فتح سے ہم آہنگ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال یومِ آزادی پر عوام کو یہ احساس دلایا جائے گا کہ ایک آزاد قوم ہونے کا فخر کیا ہوتا ہے، جبکہ غلام قومیں کن احساسات سے دوچار ہوتی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ معیشت کی بہتری کے لیے شروع کیے گئے “اُڑان پاکستان” پروگرام کو بھی تقریبات کا حصہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک سال میں سندھ حکومت نے معاشی میدان میں خاطر خواہ پیش رفت کی ہے۔

جشنِ آزادی کنسرٹ اور مختلف تقریبات کا اعلان

مراد علی شاہ نے 13 اور 14 اگست کی شب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں عظیم الشان کنسرٹ اور آتش بازی کے مظاہرے کا اعلان کیا۔ اسی طرح، 8 اگست کو حیدرآباد اور 10 اگست کو سکھر میں یومِ آزادی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ 13 اگست کو سی ویو سے بوٹ بیسن تک ثقافتی فلوٹ نکلے گا، جبکہ خواتین کے لیے کراچی سے چوکنڈی تک سائیکل ریلی کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

محکمہ کھیل کی جانب سے 114 ایونٹس منعقد کیے جائیں گے، جن میں 10 اگست کو میراتھن، روایتی گدھا گاڑی ریس، اور کرکٹ میچز شامل ہیں۔ 8 اگست کو میئر الیون اور منسٹرز الیون کے درمیان میچ ہوگا جبکہ 9 اگست کو قلندرز الیون اور بھٹائی الیون کا میچ معین خان اکیڈمی میں کھیلا جائے گا، جس میں وزیراعلیٰ خود قلندرز الیون کی نمائندگی کریں گے۔ اسی دن کشتی ریس کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

سجاوٹ کے مقابلے اور انعامات

وزیراعلیٰ نے جشنِ آزادی کے موقع پر نجی عمارتوں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی سجاوٹ کے مقابلوں کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہر کیٹیگری کے لیے الگ جیوریز بنائی جائیں گی اور صرف مہنگی سجاوٹ کو نہیں بلکہ جذبے سے کی گئی سجاوٹ کو سراہا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ سیلاب متاثرین اپنے نئے گھروں کو سجا کر یہ مقابلے جیتیں۔

سندھ کا تاریخی کردار اجاگر کرنے کا فیصلہ

مراد علی شاہ نے کہا کہ قیام پاکستان میں سندھ کا کردار کلیدی رہا ہے، اور جشنِ آزادی کی تقریبات کے دوران اس جدوجہد کو اجاگر کیا جائے گا۔ محکمہ ثقافت سندھ اس حوالے سے خصوصی پروگرام ترتیب دے گا۔

سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات

وزیراعلیٰ نے آئی جی اور ڈی آئی جی ٹریفک کو ہدایت کی کہ ٹریفک پلان کو جلد از جلد حتمی شکل دیں، تاکہ شہریوں کو آسانی ہو۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ یہ پاکستان کے لیے ریلیاں اور تقریبات ہوں گی، اس لیے تھوڑی سی تکلیف کو برداشت کریں۔

سکول کھلے رہیں گے

وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ جشن آزادی کے دوران اسکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور محکمہ تعلیم اپنے پروگرامز ترتیب دے رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں