خیرپور (انڈس ٹربیون) خیرپور میں جسقم کے سابق چیئرمین بشیر خان قریشی کی سالگرہ تقریب کے دوران پولیس نے جسقم (ش ب خ) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز کالانی سمیت 150 سے زائد کارکنان کو گرفتار کرلیا۔
جسقم کے مرکزی رہنما پنھل ساریو کے مطابق بشیر خان قریشی کے یومِ پیدائش کے موقع پر خیرپور کی واپڈا کالونی گراؤنڈ میں سالگرہ تقریب کے لیے جسقم رہنما اور کارکنان جمع ہو رہے تھے کہ پولیس کی بھاری نفری نے پنڈال کو گھیرے میں لے لیا۔
پنھل ساریو کے مطابق پولیس نے جسقم (ش ب خ) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز کالانی، فقیر امداد منگی، حنان عباسی، مجیب آزاد بھیلار سمیت ڈیڑھ سو سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس گرفتار کارکنان کو قریبی تھانے منتقل کرنے کے بجائے نامعلوم مقام پر لے گئی ہے، تاہم پولیس کی جانب سے گرفتاریوں یا کارکنان کی منتقلی کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
پنھل ساریو نے جسقم رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی وحدت پر ممکنہ حملے کے خلاف سندھی قوم کی مزاحمت سے خائف حکمرانوں کے احکامات پر سندھ بھر میں سیاسی کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے۔
جسقم رہنما نے مطالبہ کیا کہ گرفتار تمام رہنماؤں اور کارکنان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔