کراچی(انڈس ٹربیون) عوامی راج تحریک پاکستان کے سربراہ ایڈووکیٹ سید خلیل احمد شاہ نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے 28 فروری کو گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کراچی کے علاقے سچل گوٹھ میں واقع مرکزی دفتر میں محبوب رند، زین لغاری، اختیار چنو اور راحب عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید خلیل احمد شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ تعصب پر مبنی سیاست کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنر وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے لیکن موجودہ گورنر سندھ کے خلاف نفرت پھیلانے اور سندھ کو تقسیم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ گورنر ہاؤس میں سندھ کے خلاف منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور اس کی سرپرستی خود گورنر کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی سندھ کا دارالحکومت ہے اور رہے گا، جو عناصر اسے الگ کرنے کی بات کرتے ہیں انہیں سیاسی طور پر مسترد کر دیا جائے گا۔
سید خلیل احمد شاہ نے خبردار کیا کہ اگر 28 فروری کو ہونے والے دھرنے کو روکنے کی کوشش کی گئی تو پورے سندھ میں احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ گورنر کو ہٹانے کے مطالبے میں ان کا ساتھ دیں اور دھرنے میں شریک ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گورنر کو ہٹانے میں اپنا کردار ادا کرے، بصورت دیگر اسے عوام کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی نے اس معاملے پر واضح مؤقف اختیار نہ کیا تو سندھ کے عوام اسے کبھی معاف نہیں کریں گے۔