کراچی (ویب ڈیسک): حکومتِ سندھ نے یومِ پاکستان کے موقع پر 23 مارچ 2026 کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیر 23 مارچ کو پورے صوبہ سندھ میں تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ سندھ کے انتظامی کنٹرول میں کام کرنے والے تمام سرکاری دفاتر، خود مختار اور نیم خود مختار ادارے، کارپوریشنز اور لوکل کونسلز اس روز بند رہیں گے، تاہم ضروری خدمات فراہم کرنے والے ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
یومِ پاکستان ہر سال 23 مارچ کو قراردادِ لاہور کی یاد میں منایا جاتا ہے، جو 1940 میں منظور کی گئی تھی۔ اس قرارداد میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ملک بھر میں قومی تقریبات اور سرکاری تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے۔