کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی پیرآباد میں ویسٹ پولیس نے مقابلے کے بعد انتہائی مطلوب منشیات فروش کو دو ساتھیوں سمیت زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الہٰی مستوئی کے مطابق زخمی ملزمان میں امیر بخش عرف بادشاہ ولد منظور، نجیب اللہ عرف جگنو اور فاروق شامل ہیں۔ گرفتار مرکزی ملزم امیر بخش عرف بادشاہ انتہائی مطلوب منشیات فروش ہے، جس کے سر کی قیمت حکومت کی جانب سے 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزمان کے قبضے سے ایک منی رائفل، دو پسٹل، ایمونیشن، لاکھوں روپے مالیت کی آئس اور چرس، موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد کی گئی ہے۔ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، تاہم ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔
دونوں جانب سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پولیس موبائل کو تین گولیاں لگیں، جبکہ انتہائی مطلوب ملزم اپنے دو ساتھیوں سمیت زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران چار مسلح ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق امیر بخش عرف بادشاہ منشیات ریکٹ کا سرغنہ ہے اور اس کے خلاف سنگین نوعیت کے 11 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ ملزم کچھ عرصہ قبل کراچی سے فرار ہو کر روپوش ہو گیا تھا اور بیرونِ شہر سے منشیات کا نیٹ ورک چلا رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے اور مزید ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔